ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / امریکی انتظامیہ کا تاریخی فیصلہ، ہند نژاد راشد حسین مذہبی آزادی امورکے سفیر نامزد

امریکی انتظامیہ کا تاریخی فیصلہ، ہند نژاد راشد حسین مذہبی آزادی امورکے سفیر نامزد

Sun, 01 Aug 2021 10:51:29    S.O. News Service

نئی دہلی،یکم اگست (ایس او نیوز؍ایجنسی)امریکی صدر جو بائیڈن نے ہند نژاد امریکی شہری راشد حسین کو بین الاقوامی مذہبی آزادی امور کیلئے امریکی سفیر مقرر کیا ہے۔ راشد حسین اس اہم عہدہ پر فائز ہونے والے پہلے مسلم ہیں۔ 41 سالہ راشد حسین اس وقت قومی سکیورٹی کونسل میں شراکت داری اور عالمی انسلاک کے ڈائریکٹر ہیں۔ ییل یونیورسٹی سے قانون کی ڈگری حاصل کرنے والے راشد نے ہارورڈ یونیورسٹی سے اسلامک اسٹڈیز اور عربی میں ماسٹرس کا سند بھی حاصل کیا ہے۔ وہائٹ ہاؤس کے ذریعہ جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ آج کا اعلان امریکی صدر کے عزائم کو نشان زد کرتا ہے جس میں سبھی مذاہب کے تئیں امریکی حکومت کا یکساں نظریہ ظاہر ہوتا ہے۔ راشد حسین اس معاملے میں پہلے مسلم ہوں گے جنھیں بین الاقوامی مذہبی آزادی کیلئے ایمبیسڈر ایٹ لارج کی شکل میں نامزد کیا گیا ہے۔راشد حسین نے اس سے قبل قومی سکیورٹی ڈپارٹمنٹ کے محکمہ انصاف میں سینئر وکیل کی شکل میں کام کیا ہے۔ اوبامہ حکومت کے دوران راشد نے ادارہ برائے اسلامک تعاون (او آئی سی) میں امریکہ کے خصوصی سفیر، اسٹریٹجک کاؤنٹر ٹیررزم کمیونی کیشن میں امریکہ کے خصوصی سفیر اور وہائٹ ہاؤس کونسل میں ڈپٹی اسو سی ایٹ کی شکل میں اپنی خدمات دی ہیں۔ایک سفیر کی شکل میں راشد حسین نے کثیر فریقی اداروں کے ساتھ کام کیا، جن میں او آئی سی اور اقوام متحدہ، بیرون ملکی حکومتیں، شہری سماجی ادارے، تعلیم، صحت، بین الاقوامی سکیورٹی سائنس اور ٹیکنالوجی و دیگر شعبے شامل ہیں۔ راشد نے یہودی مخالفت کا مقابلہ کرنے اور مسلم اکثریتی ممالک میں مذہبی اقلیتوں کی حفاظت کرنے کی کوششوں کی بھی قیادت کی ہے۔ اوبامہ حکومت میں شامل ہونے سے قبل انھوں نے چھٹے سرکٹ کیلئے یو ایس کورٹ آف اپیلس میں ڈیمن کیتھ کے جیوڈیشیل لاء کلرک کی شکل میں کام کیا اور اوبامہ-بائڈن ٹرانزیشن پروجیکٹ کے معاون وکیل بھی تھے۔


Share: